وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کا ترقی کا سفر بار بار سیاسی رکاوٹوں کا شکار نہ ہوتا تو آج ملک دنیا کی ساتویں بڑی معیشت کے طور پر ابھر چکا ہوتا۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ میری ٹائم ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے میری ٹائم کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے اور اس شعبے میں مزید ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں منفرد حیثیت دیتا ہے۔ “ہمارا ملک وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ایک قدرتی تجارتی حب بن سکتا ہے، بشرطیکہ ہم پالیسیوں میں تسلسل اور استحکام برقرار رکھیں۔”
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت بندرگاہوں اور سمندری تجارت سے وابستہ تمام اداروں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ پاکستان خطے کے لیے ایک مضبوط میرین ٹریڈ روٹ کے طور پر سامنے آ سکے۔
احسن اقبال نے اس موقع پر کراچی کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میری دعا ہے کہ کراچی اپنی پرانی عظمت اور معاشی سرگرمیوں کی چمک دوبارہ حاصل کرے۔”
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
