وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بنگلا دیش کے نو منتخب وزیرِاعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیرِاعظم پاکستان کی غیر موجودگی میں احسن اقبال پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اعلیٰ سطحی حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے یہ دورہ اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے یہ ملاقاتیں نہایت مفید ثابت ہوں گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور مستقبل میں اقتصادی اور سیاسی پیش رفت کے روشن امکانات کے لیے پُرامید ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی حکومت کی جانب سے وزیرِاعظم پاکستان کو نو منتخب وزیرِاعظم کی حلف برداری میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی تھی۔ تاہم وزیرِاعظم پاکستان کے غیر ملکی دورے کے باعث یہ موقع وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے حوالے کیا گیا ہے، جو حکومت پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دیوالیہ پن کے دہانے سے ترقی کی جانب سفر، دو سال میں معیشت مستحکم ہوچکی ہے: احسن اقبال
اس موقع پر احسن اقبال اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع اور سیاسی تعاون پر بھی بات کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں تعاون کے نئے راستے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ احسن اقبال کی قیادت میں وفد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے حتمی منصوبہ بندی کرے گا۔
یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے بلکہ خطے میں امن، تعاون اور اقتصادی ترقی کے لیے بھی مثبت پیش رفت کا امکان رکھتا ہے۔
