جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان ہونے والی اہم بیٹھک میں پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور سیاسی کشیدگی کم کرنے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں باہمی مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مرحلہ وار حل کرنے اور لفظی جنگ بند رکھنے کی حکمتِ عملی پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے پس منظر اور اس کے محرکات سے رہنماؤں کو آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی قیادت کے ساتھ جاری رابطوں اور طے پانے والے مذاکرات کی بریفنگ دی۔ نواز شریف نے حکومت کی فلسطین میں قیام امن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اختلافی امور مذاکرات سے حل کیے جائیں۔
مریم نواز کے بیان کیخلاف پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی تازہ صورتحال، طے پانے والے معاہدے اور خطے میں سفارتی رابطوں خصوصاً سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ شرکاء نے اس نکتے پر اتفاق کیا کہ اختلافات کو سیاسی و پارلیمانی طریقے سے حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو خاطر خواہ قومی و سماجی خدمات فراہم کی جا سکیں۔