کراچی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ قربانی کی آلائشیں اٹھانے کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں کو دھونے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ گزشتہ روز سے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ دیگر لوگ صرف الزامات کی سیاست میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ دو سال سے وہ میئر کے منصب پر فائز ہیں اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس بار صفائی کی صورت حال میں واضح بہتری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں قربانی کی آلائشیں کئی دنوں تک سڑکوں پر پڑی رہتی تھیں، مگر اس بار عید کے دوسرے دن ہی تمام ٹاؤنز میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا جا رہا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض افراد صرف کھالوں کی سیاست کرتے ہیں جبکہ ان کی توجہ عوامی مسائل کے حل پر ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ہر علاقے میں بغیر تفریق آلائشیں جمع کرنے کے پوائنٹس قائم کیے گئے، مشینری تعینات کی گئی ہے اور مقصد یہ ہے کہ 3 دن مسلسل متحرک رہ کر شہر کو صاف رکھا جائے، شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کے لیے 1128 پر رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی مرکزی سڑکوں کی دھلائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس عمل کا آغاز برنس روڈ سے کر دیا گیا ہے۔