خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں افغان مہاجرین اور کراچی میں بوہری برادری نے آج عید الاضحیٰ منائی، نماز عید اور قربانی کے بعد عوامی مقامات کی صفائی کے لیے خصوصی پلان پر عمل جاری ہے۔
پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں مقیم افغان مہاجرین نے آج عید الاضحیٰ منائی، جہاں انہوں نے نماز عید ادا کی اور قربانی کے جانور ذبح کیے،حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ اور ناصر باغ سمیت مختلف مقامات پر افغان برادری نے اپنے روایتی انداز میں مذہبی فریضہ ادا کیا۔
ادھر کراچی میں بوہری برادری نے بھی آج عید قرباں منائی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد قربانی کا عمل انجام دیا گیا، جس میں اہل خانہ اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دوسری طرف خیبر پختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی اور حفظان صحت کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے،مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا کہ صوبے میں عیدگاہوں، عوامی مقامات اور قربانی کے لیے مختص کردہ مقامات پر خصوصی صفائی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نماز سے پہلے تمام عیدگاہوں کی صفائی مکمل کر لی جائے گی اور شہریوں میں ماحول دوست بائیوڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ قربانی کے بعد جانوروں کے فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔
یاد رہے کہ ہر سال افغان مہاجرین اور بوہری برادری اپنے فقہی اور روایتی کیلنڈر کے مطابق عید مناتے ہیں، جو کبھی کبھار مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے مختلف تاریخ پر آ جاتی ہے، صوبائی حکومت اس تنوع کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی اور سہولیات کے اقدامات میں پیشگی انتظام کرتی ہے۔