آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام وادی نیلم میں ایک افسوسناک حادثے میں چھ قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ چلہانہ کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی بے قابو ہو کر دریائے نیلم میں جاگری، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اب تک چار خواتین کی لاشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں، جب کہ باقی افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں سوار تمام افراد سیاح تھے جو علاقے کی سیر کے لیے آئے تھے۔ حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے دریائے نیلم کے خطرناک بہاؤ اور دشوار گزار علاقے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کی نشاندہی کی ہے، تاہم حکام نے جلد از جلد باقی لاشوں کی تلاش مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔