ایبٹ آباد میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ڈمپر نے اسکول جانے والے طلبہ کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔
واقعہ ایف بی آر آفس کے قریب لیڈی گارڈن کے سامنے پیش آیا، جہاں نجی اسکول کے طلبہ سڑک عبور کر رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ڈمپر نے انہیں روند دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق بچوں میں
10 سالہ ریحان ولد طیفل
14 سالہ منال ولد ایاز
13 سالہ سعاد شامل ہیں۔
شدید زخمی بچوں میں
5 سالہ عروہ
13 سالہ سویرا
15 سالہ یشفا
11 سالہ احتشام شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے زخمیوں اور جاں بحق بچوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کے بعد لواحقین اور مقامی شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ڈمپر ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث علاقے میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو قابو میں لیا، تاہم واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔