9 محرم، ملک بھر میں عزاداری کے جلوس، سیکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل سروس معطل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، کراچی، پشاور سمیت مختلف شہروں میں نواں محرم مذہبی عقیدت سے منایا جا رہا ہے، جلوسوں کے دوران سیکیورٹی سخت، کئی مقامات پر موبائل سروس بند۔

لاہور: ملک بھر میں نواں محرم الحرام مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہدائے کربلا کی یاد میں عزاداری جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔ لاہور، کراچی، پشاور، ملتان، سکھر، فیصل آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل، حساس مقامات سیل، جبکہ جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

latest urdu news

لاہور میں نواں محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو طے شدہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی کے لیے لاہور میں 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پورے پنجاب میں 1689 جلوسوں اور 3895 مجالس کی نگرانی پر ایک لاکھ سے زائد اہلکار مامور ہیں۔ جلوس روٹ پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈولفن فورس، پی آر یو، ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور پولیس کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔

کراچی میں نشتر پارک سے مرکزی جلوس دوپہر 12 بجے برآمد ہوا جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور کھارادر جیسے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پشاور میں بھی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے۔ امام بارگاہ حسینیہ ہال سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔ شہر میں بی آر ٹی سروس دو روز کے لیے بند، موبائل فون سروس معطل اور اہم شاہراہیں سیل کر دی گئی ہیں۔ 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ افغان مہاجرین کو دو دن کے لیے شہر میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں عزاداری کو جرم بنا دیا گیا، مشعال ملک کی مودی سرکار پر تنقید

سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں پانچ سو سالہ تاریخی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا ہے جو عاشورہ کی شام تک جاری رہے گا۔ اس دوران بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بندش کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔

ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی نواں محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں جن میں عزادار نوحہ خوانی، ماتمداری، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو پاکستان بھر میں عاشورہ کے جلوسوں کے دوران ہر سال سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی یا فرقہ وارانہ کشیدگی سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ، موبائل سروس معطل، اور حساس علاقوں میں خصوصی نگرانی کی جاتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter