90 روزہ احتجاجی تحریک پارٹی کا فیصلہ نہیں،یہ علی امین گنڈا پور کا ذاتی مؤقف ہے، سلمان اکرم راجا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا 90 دن کی تحریک کا اعلان ان کی ذاتی رائے ہے، پارٹی نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

لاہور، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے 90 روزہ احتجاجی تحریک کا اعلان پارٹی کا باضابطہ فیصلہ نہیں بلکہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے لائحہ عمل پر گامزن ہے اور پارٹی کا بیانیہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے تحت ترتیب دیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو آواز دے رہے ہیں اور لوگ ایک نظریے سے جُڑ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 1950 کی دہائی سے جو قوتیں پاکستان پر مسلط ہیں، ان سے نجات کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے آئین، انصاف اور عوامی حقِ حکمرانی کو اپنی تحریک کا مرکزی نکتہ قرار دیا اور کہا کہ ہم ایک تاریخی عمل سے گزر رہے ہیں، لیکن عدالتوں سے انصاف کی توقع اب بے معنی ہو چکی ہے کیونکہ نظام کو آلۂ جرم بنا دیا گیا ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو پاکستان آنا چاہیے، یہ ان کا حق ہے اور وہ اپنے والد کی جدوجہد میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے نظریے سے وابستگی ضروری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے 90 روزہ ملک گیر تحریک کا اعلان کر دیا، علی امین گنڈاپور

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران 90 روزہ احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہم اس تحریک میں آر یا پار کریں گے۔” انہوں نے کہا تھا کہ حکومت میں رہیں یا نہ رہیں، ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کے بیان پر پارٹی کے اندر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پی ٹی آئی پنجاب کی صدر عالیہ حمزہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا: "وزیراعظم خان (بانی پی ٹی آئی) کی رہائی کے لیے کس لائحہ عمل کا اعلان ہوا ہے؟ تحریک کہاں سے اور کیسے چلے گی؟ 5 اگست کے عروج کے مقابلے میں 90 دن کا پلان کہاں سے آیا؟” ان بیانات نے پارٹی کے اندر اختلافِ رائے کو نمایاں کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے بانی اس وقت مختلف مقدمات کے باعث جیل میں ہیں اور پارٹی قیادت کی جانب سے ان کی رہائی اور سیاسی تحریک کے حوالے سے مختلف بیانات سامنے آ رہے ہیں، جن میں اختلاف بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter