بلوچستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی شہری سپرد خاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لورالائی میں بی ایل اے کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 9 پنجابی مسافروں کی میتیں آبائی علاقوں میں سپردِ خاک، لواحقین کا انصاف کا مطالبہ۔

لاہور، بلوچستان کے ضلع لورالائی میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ہاتھوں بے دردی سے قتل کیے گئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 معصوم شہریوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان دلخراش مناظر نے ہر دل کو غمزدہ کر دیا، جب مظلوم مسافروں کے جنازے ایک ساتھ اٹھے اور پورے پنجاب میں سوگ کی کیفیت چھا گئی۔

latest urdu news

یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب دہشت گردوں نے کوئٹہ جانے والی مسافر بسوں کو روک کر پنجاب کے رہائشی افراد کو شناخت کے بعد اتار کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ شہداء میں دُنیاپور کے دو سگے بھائی عثمان اور جابر، گجرات کے 23 سالہ بلاول، فیصل آباد کے شیخ ماجد، لاہور کے جنید، مظفرگڑھ کے محمد آصف، ڈی جی خان کے محمد عرفان، خانیوال کے غلام سعید اور گوجرانوالہ کے صابر شامل ہیں۔

دُنیاپور میں جب دو بھائیوں کا جنازہ بیک وقت اٹھا تو علاقہ کہرام میں بدل گیا۔ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی، اور دونوں بھائیوں کو چوک قریشی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ گجرات کے بلاول، جو حال ہی میں دبئی سے لوٹے تھے، اور فیصل آباد کے شیخ ماجد، جو لورالائی میں کپڑوں کا کاروبار کرتے تھے، کو بھی ان کے آبائی علاقوں میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ دفنایا گیا۔

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 14 خوارج جہنم واصل

لاہور کے جنید جو اپنے سسرال سے واپس کوئٹہ جا رہے تھے، انہیں بھی شہید کر دیا گیا۔ ان کی شہادت نے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ مظفرگڑھ، ڈی جی خان، خانیوال اور گوجرانوالہ میں بھی شہداء کی تدفین کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت سے سخت ایکشن اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ** اس سے قبل اپریل 2024 میں بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو اسی طرز پر قتل کیا گیا تھا، جو اس بات کی سنگین نشاندہی کرتا ہے کہ اقلیتی آبادی کو شناخت کی بنیاد پر مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں اور لواحقین نے حکومت سے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بے گناہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter