اسلام آباد، بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم پاکستان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ ہم 8 ستمبر کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے، یہ 8 فروری کا ہی سونامی ہے جو 8 ستمبر تک پہنچ چکا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا تھا کہ مہینے بدل گئے ہیں لیکن ایک ہی وقت آگیا ہے، فروری شروعات تھی اب اگلا مرحلہ آگیا ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ ہم 8 ستمبر کو اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں گے، عمران خان نے کہا ہے سب اپنے حق کیلئے نکلیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ملک مزید مشکلات میں جانے والا ہے، یہ اپنا لائف سٹائل ختم نہیں کر رہے، ہم نے ان کے لائف سٹائل کا خرچہ برداشت کرنا ہے؟ تمام خواتین سے گزارش ہے کہ 8 ستمبر کو ضرور نکلیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پائیدار معاشی استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اسلام میں تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سمٹ کا مقصد مستقبل کے اہداف کا تعین کرنا ہے، معاشی استحکام کیلئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری اہم کردار اداکرے گی۔
احسن اقبال کا یہ کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل کو زیر استعمال لانا ہوگا۔