ٹینریز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق عیدالاضحیٰ 2025 پر ملک بھر میں 69 لاکھ 77 ہزار جانور قربان کیے گئے۔ جانوروں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جبکہ کھالوں کی مجموعی مالیت 6.35 ارب روپے رہی۔
اسلام آباد: ٹینریز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر ملک بھر میں ہونے والی قربانی کے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 69 لاکھ 77 ہزار جانور قربان کیے گئے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال جانوروں کی فروخت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، اور 6 سے 10 لاکھ کے درمیان کم جانور فروخت ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق عید پر 30 لاکھ گائیں، 34 لاکھ بکرے، 4 لاکھ بھیڑیں اور 1 لاکھ اونٹ قربان کیے گئے۔ جانوروں کی قیمتوں میں عمومی طور پر کمی کا رجحان غالب رہا، خاص طور پر گائے کی قیمت میں 25 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس بکرے کی قیمت میں 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک اضافہ دیکھا گیا، جبکہ اونٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق قربانی کے جانوروں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 500 ارب روپے سے کم لگایا گیا ہے۔ کھالوں کے کاروبار کی بات کی جائے تو اس سال کھالوں کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 6.35 ارب روپے لگایا گیا، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کم ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ عید کے دوران مختلف شہروں میں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے عوام صبح سویرے سے ہی قربانی کرتے رہے، تاہم معاشی صورتحال، مہنگائی اور محدود قوتِ خرید کی وجہ سے اس بار مجموعی طور پر قربانی کا رجحان پچھلے برسوں سے کمزور دکھائی دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ ہر سال ایک بڑا مذہبی، سماجی اور معاشی موقع ہوتا ہے، جس میں جانوروں کی خرید و فروخت، کھالوں کا کاروبار اور قصائیوں کی خدمات سمیت کئی شعبوں میں اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔ ماضی میں قربانی کے جانوروں کی مجموعی مالیت 550 سے 600 ارب روپے کے درمیان رہی ہے، مگر رواں برس معاشی چیلنجز کے باعث اس میں کمی دیکھی گئی ہے۔