تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کورونا میں مبتلا ہو گئے۔
تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کورونا مثبت ہونے کی سوشل میڈیا ایکس پر تصدیق کر دی۔
شیر افضل مروت نے اپنے آفیشل ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ میں لکھا کہ ابتدائی ٹیسٹ کروانے سے یہ پتہ چلا ہے کہ میں کوویڈ 19 سے متاثر ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کو کورونا ٹیسٹ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس لیے میں کچھ دنوں کے لیے قرنطینہ میں چلا گیا ہوں، اس حوالے سے شیر افضل مروت نے پارٹی رہنماؤں کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
دوسری جانب، سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا کہ آئینی عدالت کے معاملے پر پوری طرح بحث ہونی چاہئے۔
صحافی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان سے یہ سوال کیا گیا کہ آپ نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستحط کئے تھے اس میں آئینی عدالتوں کا قیام بھی موجود تھا، آپ کا اس بارے کیا موقف ہے۔
اس پر سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یہ جواب دیا کہ ہر چیز کا کوئی تناظر ہوتا ہے، تب میں اور آج میں فرق ہے، اس وقت آئینی ترمیم کا مقصد صرف اور صرف چیف جسٹس کو بچانا ہے، یہ سب کچھ رات کے اندھیرے میں نہیں ہونا چاہیے، یہ جو کرنے جارہے ہیں یہ آئین کے خلاف ہے۔