اسلام آباد، ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن کے بعد دوسرے پارٹی رہنما عامر ڈوگر نے بھی جنرل (ر) فیض حمید سے تعلق رکھنے کو حق بجانب قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی عامر ڈوگر کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ فیض حمید کا پی ٹی آئی حکومت میں ایک بڑا کردار رہا ہے۔
عامر ڈوگر کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق عمران خان کا ملٹری ٹرائل کیا جائے گا۔
اس سے پہلے رؤف حسن نے اعتراف کیا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید اُن سمیت پارٹی کے کئی ارکان سے رابطوں میں تھے۔
رؤف حسن نے کہا کہ ان کے ساتھ فیض حمید کا تعلق علیک سلیک کی حد تک تھا، لیکن پارٹی کے دیگر ارکان کا ان کے ساتھ کس نوعیت کا تعلق تھا، اس بارے میں علم نہیں ہے۔
دوسری جانب سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) اختر مینگل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دینے سے پہلے کسی سے کوئی مشورہ نہیں کیا تھا، اس فیصلے سے اُن کے گھر والے بھی بے خبر تھے۔
اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ سردار اختر مینگل خاموشی سے دبئی روانہ ہوگئے ہیں، ان کے بیرون ملک جانے کے بارے میں بھی کم لوگوں کو ہی علم تھا۔