ملک میں گزشتہ چند ہفتوں سے سست انٹرنیٹ کی وجہ سے عوام اور فری لانسرز مشکلات کا شکار ہیں۔
ملک میں گزشتہ ماہ سے سست انٹرنیٹ اسپیڈ نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے آن لائن بزنس سمیت فری لانسرز کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ملک میں انٹرنیٹ اسپیڈ کے مسائل کا آغاز جولائی کے آخر میں ہوا جب سمندری کیبلز میں خرابی اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔
اس دوران مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں شدید کمی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں اور تعلیمی نظام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلاتعطل اور محفوظ آن لائن کاروبار کے لیے اپنا وی پی این ون ونڈو آپریشن سے حاصل کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق سافٹ ویئر ہاؤسز، کال سینٹرز، اور فری لانسرز کے لیے وی پی اینز کی سہولت موجود ہے، اور اب تک چار سال کے عرصے میں 20 ہزار آئی پیز وی پی این کے لیے رجسٹر ہوچکی ہیں۔
ان اقدامات سے توقع کی جا رہی ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار اور سروس میں بہتری آئے گی، اور کاروباری افراد کو درپیش مشکلات کم ہوں گی۔