بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 5000 گھر مکمل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

کوئٹہ،وفاقی وزارتِ منصوبہ بندی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 5000 مکانات کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ مزید 27000 گھر زیرِ تعمیر ہیں، یہ تمام تعمیراتی سرگرمیاں پلاننگ کمیشن کے بلوچستان ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو پائیدار اور محفوظ رہائش فراہم کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق حکومتِ پاکستان موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے نہ صرف وقتی امداد بلکہ طویل مدتی بحالی اور تعمیرِ نو کے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ متاثرہ علاقوں میں رہائش، بنیادی سہولیات، اور زندگی کی معمولات کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔

وزارت کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ بلوچستان ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن یونٹ نے یہ منصوبہ تعمیراتی اصولوں اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا ہے، جس کی براہ راست نگرانی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال خود کر رہے ہیں۔ ان کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں میں مضبوط اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان گھروں کی تعمیر نہ صرف متاثرہ خاندانوں کی بحالی کی جانب ایک عملی قدم ہے بلکہ یہ منصوبہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانے کے وژن کا حصہ بھی ہے۔

یاد رہے کہ سال 2022 اور 2023 کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان کے متعدد اضلاع کو شدید متاثر کیا تھا، جہاں ہزاروں مکانات منہدم ہو گئے تھے۔ وفاقی حکومت نے اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کا سلسلہ شروع کیا، جس کے تحت یہ منصوبہ عمل میں لایا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter