مظفرگڑھ میں 30 ڈاکو 180 بھینسیں چرا کر لے گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تحصیل علی پور کے موضع لنگرواہ میں 30 مسلح ڈاکو 180 بھینسیں چرا کر کچے کے علاقے میں فرار، پولیس نے بوسن گینگ کی تلاش شروع کر دی۔

مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے موضع لنگرواہ میں ڈکیتی کی ایک حیران کن واردات سامنے آئی ہے، جس میں 30 مسلح ڈاکوؤں نے رات کے وقت دھاوا بول کر 180 بھینسیں چرا لیں۔ ڈاکو متعدد گھروں سے جانور نکال کر انہیں کچے کے علاقے میں ہنکا کر لے گئے، جبکہ اہلِ علاقہ دیکھتے رہ گئے۔

latest urdu news

مقامی افراد کے مطابق ڈاکو نہایت منظم انداز میں آئے اور گاؤں کو گھیرنے کے بعد باری باری گھروں میں داخل ہو کر جانور لے گئے۔ لوگوں کو مزاحمت کی اجازت نہ دی گئی اور بعض مقامات پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاکہ خوف و ہراس پھیل جائے۔

پولیس نے واقعے کے بعد ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واردات میں ملوث گروہ بوسن گینگ اور دیگر جرائم پیشہ عناصر ہو سکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے مظفرگڑھ اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی پنجاب کے کچے کے علاقوں میں اس سے قبل بھی اس نوعیت کی وارداتیں ہو چکی ہیں، تاہم ایک ہی واردات میں اتنی بڑی تعداد میں جانوروں کا چرایا جانا انتہائی غیر معمولی واقعہ ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے بلکہ مقامی لوگوں میں بھی شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا باعث بنا ہوا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter