اتوار, 8 جون , 2025

پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل، یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے قوم کو مبارکباد دی، 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں کو قومی غیرت، دفاع اور امن کی علامت قرار دیا۔

اسلام آباد: پاکستان آج یومِ تکبیر ملی جوش و جذبے سے منا رہا ہے۔ ملک کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں 6 ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف بھارت کے پانچ ایٹمی تجربات کا جواب دیا بلکہ خطے میں طاقت کا توازن بھی بحال کیا۔ ان دھماکوں کے ساتھ ہی پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر سامنے آیا۔

latest urdu news

یومِ تکبیر کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں وطن کے دفاع کے ضامن سائنس دانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرنا پاکستان کا ایک دانشمندانہ اور بروقت فیصلہ تھا، جو امن کے قیام کے لیے ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ پرامن بقائے باہمی، عالمی قوانین کے احترام اور خطے میں توازن کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن قومی اتحاد، خودمختاری اور آزادی کے اصولوں پر کسی قسم کے سمجھوتے سے انکار کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کر کے دنیا میں ایک باعزت مقام دلائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 28 مئی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر دن ہے، جس دن ہم نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سائنس دانوں، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ کارنامہ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور خطرات کے باوجود پاکستان نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کر کے جس جرأت کا مظاہرہ کیا، وہ قومی حمیت اور غیرت کی اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کا سبق بھارت کو یاد رہے گا اور وہ آئندہ کسی مہم جوئی سے پہلے سو بار سوچے گا، کیونکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابلِ تسخیر ہے۔

یاد رہے کہ یومِ تکبیر ہر سال 28 مئی کو اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کے ایٹمی تجربات کا بھرپور جواب دیا تھا۔ اس تاریخی دن نے پاکستان کو نہ صرف ایک ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت بنایا بلکہ اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کا درجہ بھی دلایا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter