راولپنڈی (ویب ڈیسک) – انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خانم سمیت 10 ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
خصوصی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خانم اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران علیمہ خانم کی جانب سے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جس مقدمے کے تحت کارروائی ہو رہی ہے، وہ سیکشن 23 کے تحت درج ہے اور یہ دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا، اس لیے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کو یہ کیس سننے کا اختیار حاصل نہیں۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے اس اعتراض کی مخالفت کی اور کہا کہ وکلائے صفائی کی درخواست ٹرائل میں تاخیر کا حربہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی مقدمے میں نامزد 9 دیگر ملزمان پہلے ہی جرم کا اعتراف کر چکے ہیں اور چار چار ماہ کی سزا مکمل کر چکے ہیں۔