اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کی مدد ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے انٹرنیشنل ٹریڈیونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے مزدور طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث انہیں روزگار سے محرومی سمیت کئی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے زور دیا کہ ان مسائل کا حل عالمی اشتراک اور مالی معاونت کے بغیر ممکن نہیں، خصوصاً ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چین کی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں چینی وفد نے پاکستان میں اسپیس ٹیکنالوجی، نجی ٹیلی کام کمپنیوں اور دیگر اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ اسپیس سیٹلائٹ، ٹیلی کمیونیکیشن، اور سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم سے آزاد جموں و کشمیر کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور آزاد کشمیر میں جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔