کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات؛ انچولی میں ظفر عباس کی گاڑی سے دو نوجوان زخمی، ڈیفنس، ناظم آباد اور منگھوپیر میں تین ہلاکتیں۔
کراچی کے علاقے انچولی میں گزشتہ رات ایک تیز رفتار ویگو ڈالے نے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا، جس کے باعث دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ جائے وقوعہ پر موجود افراد کے مطابق، حادثے کے بعد گاڑی سوار موقع سے فرار ہو گئے، اور ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ وہیں گر گئی، جس کی شناخت سے معلوم ہوا کہ مذکورہ ویگو ڈالا معروف سماجی کارکن اور جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ظفر عباس خود اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی نوجوانوں کو نجی اسپتال منتقل کیا۔ تاہم موقع پر موجود افراد نے الزام عائد کیا کہ ان کی ٹیم نے ویڈیو بنانے والے کچھ شہریوں سے موبائل فون بھی چھین لیے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر عباس نے بتایا کہ حادثے کے وقت گاڑی ان کے دفتر کا ایک ملازم برف لینے گیا تھا، اور متاثرہ نوجوان بغیر ہیڈ لائٹ کے موٹر سائیکل چلا رہے تھے، جو حادثے کا سبب بنا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ زخمیوں کا مکمل علاج ان کی تنظیم کروائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 14 سالہ ڈرائیور کی لاپرواہی سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق، مقدمہ درج
دوسری جانب، شہر کے دیگر علاقوں میں بھی خطرناک ٹریفک حادثات پیش آئے۔ ڈیفنس فیز 8 کے خیابانِ رومی میں لینڈ کروزر اور سی بی سی کے کچرا ٹرک کے تصادم سے شدید نقصان ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈرائیور زخمی ہوا۔ دونوں گاڑیوں کو ساحل تھانے منتقل کر دیا گیا۔
اسی روز، نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ کے قریب ایک ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ منگھوپیر کے علاقے میں ایک چھوٹے ٹرک نے راہ گیر خاتون کو کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ عوامی حلقے اور سماجی تنظیمیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ کم عمر ڈرائیورز اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔