قومی اسمبلی کے رکن عون چوہدری کا کہنا ہے کہ 2 ماہ کے بعد عوام کے لیے ریلیف ہی ریلیف ہو گا۔
عون چوہدری نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ کہا ہے کہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں، ملک میں سیاسی استحکام سب سے اولین ترجیح ہونی چاہیے، ملک کے معاملات کو آگے بڑھنا چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی کا یہ کہنا تھا کہ اب ملکی معاملات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف عناصر کو شکست ہوگی۔
عون چوہدری کا مزید یہ کہنا تھا کہ فتنہ اور انتشار کی سیاست کا اب پاکستان میں کسی قسم کا کوئی مستقبل نہیں، نفرت کی سیاست ختم ہونی چاہیے، ہم سب کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سوچنا ہوگا۔
رکن قومی اسمبلی عون چوہدری کا یہ کہنا ہے کہ آرمی چیف سید عاصم منیر نے نوجوان کو اہم پیغام دیا کہ آزاد ریاست کسی نعمت سے کم نہیں ہوتی ہے۔
عون چوہدری کا مزید یہ کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے پاکستانی عوام کو جَلد خوشخبری ملے گی۔