راولپنڈی، سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سیاست دانوں نے اقتدارحاصل کرنے کیلئے سارے اصول توڑ دیئے۔
جڑواں شہروں میں تقریب سےخطاب کے دوران سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ آئین توڑ کر اور جبر سے ملک نہیں چلتے، ہمارا پارلیمان عوام کا نمائندہ نہیں ہے، پارلیمان کی دوتہائی اکثریت پیسےدے کرایوان پہنچے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے ایسے لوگ عوام کےفیصلےکر رہے ہیں، سیاست دانوں نےاقتدارحاصل کرنےکےلیےسب اصول چھوڑدیئے، جب الیکشن چوری ہوگا توملک میں سیاسی انتشارہی ہوگا۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ہم نےملک کےاس نظام کو بدلنا ہے، جب سیاست دوسرے کو جیل میں ڈالنے کا نام ہو تو ملک کا نقصان ہوتا ہے، حکمران عوام کی تکالیف کو سمجھیں، ملک کے حالات کو بہتر کرنے کےلیےہم نےاپنا حصہ ڈالنا ہے۔
شاہدخاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج ایک دفترکا افتتاح ہوا ہےیہ سلسلہ بڑھتا جائےگا، ہماری جماعت ملک کے نظام کو بدلنےکی جماعت ہے، عوام تینوں بڑی جماعتوں سےمایوس ہوچکےہیں،عوام کومتبادل جماعت چاہیے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان، نواز شریف کی طرح کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پرپابندی حکومت کے ہوش وحواس کھونے کاواضح ثبوت ہے، قید میں موجود ایک شخص نےحکومت کی نیندیں حرام کررکھی ہیں، ملاقاتوں پرپابندی کامقصد عمران خان پردباؤ ڈال کرڈیل کیلئےمجبور کرنا ہے۔