پنجاب میں مون سون بارشوں سے 135 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور سے جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 135 تک جا پہنچی ہے جبکہ 479 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ مون سون فیکٹ شیٹ میں ان ہلاکتوں کی وجوہات اور دیگر نقصانات کی تفصیل دی گئی ہے۔

latest urdu news

رپورٹ کے مطابق 156 گھر متاثر ہوئے، جن میں اکثریت کچے اور خستہ حال مکانات کی ہے، جہاں چھتیں گرنے، دیواریں منہدم ہونے اور کرنٹ لگنے جیسے حادثات نے انسانی جانوں کو نگل لیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کئی اموات آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔ ادارے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ نہروں، دریاؤں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے، جس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی شہر میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، تاہم مون سون کا چوتھا اسپیل آج شام سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے لیے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ کے تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے تاہم تمام بیراجوں اور دریاؤں میں اس وقت پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کا دعویٰ کیا ہے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی مون سون بارشوں کے دوران پنجاب بھر میں بڑی تعداد میں جانی و مالی نقصان ہوا تھا، اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter