پنجاب کے 1200 دیہات مثالی گاؤں بنیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے 1200 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے منصوبے میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب، اور ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لیے متعلقہ محکموں سے ڈیڈ لائن بھی طلب کرلی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر مثالی گاؤں میں 24 گھنٹے واٹر سپلائی، مکمل سیوریج نیٹ ورک، اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پختہ گلیوں، سڑکوں کی مرمت، چلڈرن پارک، شجرکاری، گھروں پر نمبرنگ، اور سائن بورڈز کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے، اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مثالی گاؤں کے لیے سولر سسٹم پر مبنی واٹر سپلائی اور سیوریج ماڈلز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کی بچت کے ساتھ پائیدار ترقی ممکن ہو۔

ابتدائی طور پر پائلٹ فیز میں 130 دیہاتوں میں ترقیاتی کام مکمل کیے جا چکے ہیں، جنہیں ماڈل کے طور پر استعمال کیا جائے گا، مریم نواز نے کہا کہ ہر گاؤں کو مکمل طور پر ڈویلپ کرنے کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف تعمیرات نہیں بلکہ صفائی، پانی، نکاسی، اور شہری سہولتوں کی فراہمی بھی مساوی اہمیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ دیہی عوام حقیقی تبدیلی محسوس کر سکیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter