کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تعلق کے الزام میں 12 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں سے حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی حاصل کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں نے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں، ویڈیو اور لوکیشن بھی جمع کی ہوئی تھیں۔ یہ مواد ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔
لاہور سے گرفتار دہشتگردوں میں سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں جبکہ فیصل آباد سے دانش اور بہاولپور سے فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ عادل نامی فیس بک آئی ڈی کی مدد سے یہ کارروائی ممکن ہوئی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سکھ دیپ سنگھ پیدائشی کرسچن تھا اور کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا مذہب تبدیل کیا تھا۔ گرفتار دہشتگردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی جانب سے بھاری فنڈنگ بھی فراہم کی جا رہی تھی۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خارجی دہشتگرد ہلاک
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے، تاکہ ان کے ممکنہ منصوبوں کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ ان کے قبضے سے برآمد مواد اور حساس معلومات کی بنیاد پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ دہشتگرد نیٹ ورک کے دیگر اراکین کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔
یہ کارروائی صوبہ پنجاب میں دہشتگردی کی روک تھام اور حساس اداروں کی حفاظت کے لیے کی جانے والی اقدامات کا حصہ ہے، اور اس کے ذریعے خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ سرگرمیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
