بلوچستان کے ضلع خضدار میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ایک ترقیاتی منصوبے سے اغوا کیے گئے 11 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں نجی کمپنی کے اہلکار اور مزدور شامل ہیں۔
یہ افراد 22 فروری کو خضدار کے علاقے کرخ سے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیے گئے تھے۔ مغوی افراد اس وقت واٹر چینلز سے متعلق ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے جو ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری تھا۔
خضدار پولیس کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تمام مغوی افراد گزشتہ شب بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق بازیابی کے بعد انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
خضدار میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، خواتین کے بھیس میں فرار ہونے والے 4 دہشت گرد گرفتار
پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں نجی کمپنی کا پراجیکٹ مینیجر بھی شامل ہے جبکہ چھ مزدوروں کا تعلق صوبہ سندھ سے بتایا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کی وجوہات فی الحال واضح نہیں ہو سکیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔
