پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے کے بعد ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کے دوران 1 ملازم جاں بحق ہوگیا۔
اے سی اسلام آباد فرحان احمد احتجاجی دھرنے میں موجود ہیں، پولیس نے احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی لیکن یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین نے انکار کر دیا۔
ملازمین کی کثیر تعداد ڈی چوک پہنچ چکی ہے، رات گئے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا میں موجود ملازم نیاز محمد جاں بحق ہو گیا، وہ بنوں ریجن میں یوٹیلٹی اسٹور کا سیل مین تھا۔
نیاز محمد دیگر ساتھیوں کے ساتھ اسٹورز کی بندش کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کے لئے اسلام آباد آیا تھا، مرحوم کی میت آج صبح بنوں روانہ کر دی گئی ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنے میں موجود 1 اور ملازم محبوب احمد خان کو فالج کا اٹیک ہوا، جس کا تعلق مردان ریجن سے ہے، ابتدائی علاج کے بعد ملازم کو اسکے آبائی علاقے بھیج دیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کے مطابق جب تک حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس نہیں لیتی ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔