اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ہمارے جلسے کا تھیم مینڈیٹ چوروں کو بھگانا ہے۔
اسلام آباد میں رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو واپس لانا ہے، یہ پرُامن جلسہ ہوگا، پی ٹی آئی کی جانب سے پورے پاکستان کو دعوت دیتا ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا کہ پارلیمان ہمیشہ ملک وعوام کے مفاد اور تحفظ کے لیے قانون سازی کرتی ہے، موجودہ اور پی ڈی ایم حکومت نےمخصوص ٹولے کو فائدہ پہنچانے کیلئے قوانین بنائے، ججز کی تعداد بڑھانا، جلسوں کو روکنا ہو، سب میں پارلیمان کا استعمال کیا جارہا ہے۔
شبلی فراز کا یہ کہنا تھا کہ یہ نیب کا کالا قانون ہے، چور لٹیرے باہر پھر رہے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والے کو 3 سال کی سزا ہوگی، یہ جمہوریت سے دشمنی ہے، یہ جمہوریت کے خلاف ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ اس قانون سازی میں حصہ دار کو تاریخ سیاہ حروف میں لکھے گی۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہماری درخواستیں مسترد کرنا غلط ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ابھی تو ہم نے درخواستوں پر بحث ہی نہیں کی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ہماری درخواستیں مسترد کرنا غلط ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے۔