رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کل کا احتجاج ہم مؤخر کررہے ہیں اور سارا فوکس 21 ستمبر کے جلسے پر ہے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد سلمان اکرم راجا نے میڈيا سے گفتگو کے دوران کہا لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ موجودہ صورتحال پر غور کرے۔
سلمان اکرم کے مطابق عمران خان نے کہا ہے اب حالات کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں، حکومت آئینی ترمیم کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا یہ کہنا تھا کہ یہ قوم کے ضمیر کے معاملات ہیں، اگر ایسے آئینی ترمیم کی گئی تو کیا عوام قبول کریں گے؟ ہم کوشش کریں گے اور ہر سطح پر مزاحمت کریں گے، پاکستان کو بچانا سیاسی جماعتوں کا ہی نہیں ہر شہری کا فرض ہے۔
سلمان اکرام راجہ کا یہ کہنا تھا کہ غیر قانونی عمل کو روک دینا چاہیے، کل کا احتجاج ہم مؤخر کررہے ہیں، ساری کی ساری توجہ اب 21 ستمبر کے جلسے پر ہے۔
دوسری جانب سینیٹر تحریک انصاف علی ظفر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب کے دوران سینیٹر علی ظفرکا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے والے ارکان کو پارلیمنٹ کے احاطے سے حراست میں لیا گیا ہے۔
علی ظفر نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ کہا کہ یہ جمہوریت، آئین اور احتجاج کی آزادی کے تابوت میں آخری کیل ہے، سارے لوگ انقلاب کیلئے تیار ہوجائیں۔