لاہور، پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کینالز منصوبے میں صرف سیلابی پانی استعمال ہوگا، اور اس حوالے سے سندھ ہمیں کوئی ہدایات نہیں دے سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کے کسانوں کے مسائل کی فکر کیوں نہیں؟ وہ گزشتہ 16 برسوں سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، پہلے اپنی کارکردگی کا جائزہ لے، اگر پیپلز پارٹی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرے گی تو انہیں جواب دینا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی تک کوئی نہر تعمیر نہیں ہوئی، مگر یہ کہنا درست نہیں کہ اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو نہریں نہیں بنیں گی۔ بات چیت ہمیشہ افہام و تفہیم سے ہوتی ہے، دھمکیوں سے نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ منصوبے میں صرف سیلاب کے پانی کو استعمال کیا جائے گا، اور سندھ ہمیں یہ نہیں بتا سکتا کہ ہم اپنے حصے کے پانی کا استعمال کیسے کریں۔
یاد رہے کہ دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے، جب کہ وکلا سکھر ببرلو بائی پاس پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
دوسری طرف وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔