ہفتہ, 26 اپریل , 2025

کھاریاں گیریژن میں پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مشقیں، آرمی چیف نے شرکاء کو سراہا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کھاریاں گیریژن میں آٹھویں بین الاقوامی "پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ” مشقوں کا انعقاد کیا گیا جس کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ 60 گھنٹے طویل مشقیں پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئیں جن کا مقصد فوجی ٹیم ورک، جدید جنگی مہارتوں اور حکمت عملی کی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔

latest urdu news

مشقوں میں پاک فوج کی سات ٹیموں کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی ایک ٹیم نے بھی حصہ لیا، جبکہ دوست ممالک بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکا اور ازبکستان سمیت 15 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوئیں۔

اس کے علاوہ بنگلا دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر شرکت کی۔ بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے نہ صرف مشقوں کا مشاہدہ کیا بلکہ ان کے معیار اور پیشہ ورانہ تنظیم کو بھی سراہا۔

اختتامی تقریب میں آرمی چیف نے مشقوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایسی مشقیں نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھاتی ہیں بلکہ بدلتے ہوئے جنگی حالات کے تناظر میں ٹیم اسپرٹ کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کردار، جرات اور قابلیت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور مستقبل میں بھی ان مشقوں کے ذریعے مہارتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter