اسلام آباد، رہنما مسلم لیگ ن دانیال چودھری نے کہا کہ کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کر بند کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چودھری نے کہا کہ آج پاکستان مشکل وقت، بحرانوں سے گزر رہا ہے، ہم نے گزشتہ 4 سال میں دنیا کے سامنے کرپشن کے علاوہ کوئی نعرہ نہیں لگایا۔
دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ جب بیرون ملک کے تاجر، کرکٹرز یہاں پہنچتے ہیں تو پورے اسلام آباد کو سیل کردیتے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی جتھہ اسلام آباد آکر اسے حصار میں لےلے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سب لوگوں سے سوال کرتا ہوں یہ بل وقت کی ضرورت ہے یا نہیں؟ ایک سوچ چل سکتی ہے وہ ہے پاکستان کو آگے لے جانے کی۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ کوئی بھی جماعت شہر اقتدار کو بند نہیں کرسکتی، ایک حدود میں احتجاج کریں لیکن اسلام آباد کو بند نہ کریں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے بل میں طریقہ کار بتا دیا ہے کہ ایک ہی جگہ پر 10 دھرنے کریں، لیکن وفاقی دارالحکومت کو مکمل بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام کا تحفظ ہماری سب سے بڑی آئینی ذمہ داری ہے۔
ن لیگی رہنما کا یہ کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ضروری ہے، پوری دنیا میں واویلا کیا گیا کہ پاکستان کے سیاستدان کرپٹ ہیں۔
دانیال چوہدری کا یہ کہنا تھا کہ ہم نے یہ نہیں بتایا کہ پاکستان میں انجینئرز، سائنسدان، ڈاکٹرز بھی ہیں، کرکٹ ٹیموں کو بلانا دنیا کو ایک پیغام دینا ہے کہ پاکستان پُرامن ملک ہے۔