ضلعی انتظامیہ نے کاہنہ مویشی منڈی میں جلسے کی مشروط اجازت دے دی۔
پی ٹی آئی آج لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کاہنہ مویشی منڈی میں جلسے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔
لاہور کے قصور روڈ کاہنہ کے مقام پر جلسہ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنان لاہور پہنچیں گے۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق منتظمین سٹیج، خواتین اور مردوں کے انکلوژر کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے، افراتفری کو روکنے اور مناسب پارکنگ کا انتظام پرائیویٹ سکیورٹی اور رضاکاروں کے ذریعے یقینی بنانا جلسہ منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔
شرائط میں یہ کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔
نوٹیفکیشن میں یہ کہا گیا ہے کہ شہر سے باہر سے آنے والے جتھے روزمرہ کے معمولات میں خلل نہیں ڈالیں گے اور جلسے کے دوران اسٹیٹ یا اداروں کے خلاف نعرے اور بیانات نہیں دیئے جائیں گے۔