پہلگام حملہ: بھارت کا شدید ردعمل، سندھ طاس معاہدہ معطل، نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد سے بھارتی سفارتکار واپس طلب، اٹاری چیک پوسٹ واہگہ بارڈر بند، پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم

اسلام آباد: پہلگام حملے کے بعد بھارت نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اٹاری چیک پوسٹ اور واہگہ بارڈر کو بند کر دیا گیا ہے، جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے اور اسلام آباد سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

latest urdu news

ایکسپریس نیوز کے مطابق، بھارتی حکومت نے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے فوری طور پر دوطرفہ تعلقات میں سخت گیر پالیسی اختیار کی ہے۔ بھارت کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا گیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان آبی تقسیم کا ایک اہم معاہدہ تھا۔

بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں موجود اپنے سفارتکاروں کو وطن واپس بلانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے مطابق، بھارت میں مقیم پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اٹاری چیک پوسٹ اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کر دیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست زمینی روابط بھی معطل ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے۔ اس واقعے کو بنیاد بناتے ہوئے بھارت کی جانب سے سخت ترین سفارتی اور زمینی اقدامات سامنے آئے ہیں، جن کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter