جمعہ, 25 اپریل , 2025

پولیو مہم پر مامور اہلکاروں پر حملہ، 2 جوان شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مستونگ، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے پولیو مہم کے دوران سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ یوسی موبی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں لیویز اہلکار پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کر رہے تھے تاکہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا سکیں۔

latest urdu news

لیویز ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے شہداء کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم متاثر نہیں ہوگا۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو قطرے پلا کر انہیں معذوری سے بچائیں،حکومت انسداد پولیو مہم کو ہر قیمت پر جاری رکھے گی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter