وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا فیصلہ، پنجاب بھر میں برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن بلامعاوضہ کرانے کی منظوری، لیٹ رجسٹریشن پر کورٹ ڈگری کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔
لاہور ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے برسوں سے رائج برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن فیس ختم کر دی ہے، اس اقدام کے تحت پنجاب میں برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن رولز 2025 نافذ کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق اب شہری بغیر کسی معاوضے کے برتھ اور ڈیتھ کا اندراج کروا سکیں گے۔
نئے قواعد کے تحت لیٹ رجسٹریشن کے لیےعدالتی ڈگری کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، جس سے عوام کو عدالتی پیچیدگیوں سے نجات ملے گی، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اب کمپیوٹرائزڈ برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس بھی مفت فراہم کیے جائیں گے، شہری سات سال تک یونین کونسل یا میونسپل کمیٹی میں بغیر کسی فیس کے اندراج کرا سکتے ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ شناخت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ہمارا مقصد عوام کو سہولت دینا ہے، ڈیجیٹل برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس اب مختلف سرکاری خدمات کے حصول کے لیے ضروری ہوں گے، اس لیے شہری بروقت اندراج کرا کر اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں پنجاب میں برتھ اور ڈیتھ کا اندراج ایک پیچیدہ اور فیس زدہ عمل تھا، جس میں تاخیر پر عدالت سے رجوع کرنا پڑتا تھا، مریم نواز کی قیادت میں یہ پہلا موقع ہے کہ عوام کو اس بنیادی خدمت میں مکمل ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جو پنجاب میں ڈیجیٹل گورننس اور عوامی سہولتوں کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔