راولپنڈی، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے اُن کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
یوم تشکر ریلی کے اختتام پر فیض آباد میں خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستانی عوام نے بہادری سے لڑنے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا، یہ ان کا فرض تھا، کوئی احسان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب نور خان ایئر بیس پر حملہ ہوا تو لوگ وہاں پہنچ کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہو گئے، جبکہ دشمن گھروں میں چھپنے پر مجبور ہو گیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج پورا ملک پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے باہر نکلا ہے، لوگوں نے گھروں کی چھتوں سے افواج پاکستان کا استقبال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پوری قوم متحد ہے اور اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ قوم نے آج اپنے سپہ سالار، شاہینوں اور وزیر اعظم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ہم نے ابھی جواب نہیں دیا، لیکن حملے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، جب وقت آیا تو دنیا دیکھے گی ہمارا ردعمل کیسا ہوتا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط اور مؤثر شراکت دار ملا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کی عالمی امن کے لیے قیادت اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔