پاکستان ریلوے نے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے مسافر ٹرینوں کی ائرکنڈیشنڈ کلاسز کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کرایوں میں کمی کا اطلاق 23 ستمبر سے ہو گا، تاہم کرایوں میں کمی کا اطلاق اکانومی کلاس کے مسافروں پر نہیں ہو گا۔
سی ای او ریلویز عامر بلوچ کے مطابق یکم اگست سے 15 ستمبر تک ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے کمی کی وجہ سے ریلیف دیا گیا، تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے اور دیگر اخراجات کی وجہ سے مزید کمی نہیں کر سکتے۔
دوسری جانب ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ پہلے آئینی ترامیم کا مسودہ دکھائیں پھر بات ہوگی، شروع میں تو حکومت کسی قسم کا مسودہ دینے پر تیار ہی نہیں تھی۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکومت نے ایک مسودے کی کاپی پیپلزپارٹی اور ایک ہمیں دی، جسے پڑھنے کے بعد یہ پتہ لگا کہ دونوں مسودوں میں فرق ہے، شہر اقتدار کو اس وقت سنگین صورتحال کا سامنا ہے، اسلام آباد کے ہنگامہ خیز ماحول کے بعد ملتان آیا ہوں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بلاول کے ساتھ اپنا اپنا مسودہ دینے کی بات ہوئی، ہمارے وکلا ڈرافٹ کے حوالے سے کام کر رہے ہیں، جلد اسے حتمی شکل دے دی جائے گی، حکومت پارلیمنٹ سے غلط قوانین پاس کرانا چاہتی تھی۔