لندن ،برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی دیرپا ثابت ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اس جنگ بندی کو ممکن بنانے میں امریکا، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے اہم کردار ادا کیا، جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہے، اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ واضح ثبوت دینا ہوگا کہ حملے میں پاکستان ملوث ہے، محض الزام لگا کر یکطرفہ فیصلے اور فوجی کارروائیاں قابل قبول نہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کو خود بھارت نے پیچیدہ بنایا ہے، ان کے مطابق اگر بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے تو دونوں ممالک کے درمیان تنازعات حل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے اور یہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔