اسلام آباد، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کابل میں امن، سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق اہم مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس مقصد کے لیے کابل پہنچے، جہاں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی جانب سے ان کا خیرمقدم کیا گیا، اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ کابل روانہ ہوا۔
نور خان ایئربیس پر میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، افغانستان ہمارا ہمسایہ ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک مل کر آگے بڑھیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ حالیہ دنوں میں تعلقات میں کچھ کشیدگی آئی تھی، تاہم وزیراعظم سمیت تمام قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ افغان حکومت سے براہ راست بات چیت کی جائے۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ افغان عبوری وزیراعظم اور نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وفود کی سطح پر ہونیوالے مذاکرات میں سیکیورٹی، تجارت، باہمی روابط اور عوامی سطح کے تعلقات سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے۔