وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیر اعلی ہاوس بلوچستان آمد۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیر مقدم کیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ چند مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں، مگر یہ جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔