وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے 21 ستمبر کو لاہور میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس 19 ستمبر کو پشاور میں ہوگا، اجلاس میں لاہور جلسے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اجلاس میں جلسے کیلئے روانگی اور مقام کا پلان ترتیب دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے خیبر پختونخوا کے قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کریں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پارلیمنٹ میں ان کو شکست دیں گے، ہم اپنے جائز حق کے لیے کھڑے رہیں گے، ایسا بل پاس ہونا تو بہت دور کی بات ہے، انہیں پارلیمنٹ میں بھی اکثریت نہیں ملے گی۔
اس سے پہلے پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران آئینی ترامیم پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گنڈا پور کا یہ کہنا تھا کہ یہ آئینی ترامیم جمہوریت پر حملہ ہے اور ہم اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جمہوری نظام کے ہوتے ہوئے یہ بل کیسے پیش کر سکتے ہیں۔