انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کی جانب سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں پر 9 مئی کے کیسز کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں ہوئی۔
وکیل ظہور الحسن نے وزیراعلیٰ کے پی، کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
جج طاہر عباس سپرا کی جانب سے ریمارکس دیے گئے پچھلی مرتبہ حاضری سے معافی کی درخواست دی اور 8 کو جلسے میں طبعیت ٹھیک تھی، جس پر وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ عدالت آج استثنیٰ کی درخواست منظور کرے یقین دہانی کرواتا ہوں علی امین حاضر ہوں گے۔
جج کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں عدالت کی جانب سے عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔
جج انسدادد ہشتگردی عدالت طاہر عباس سپرا کی جانب سے فیصل جاوید کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔