اتوار, 25 مئی , 2025

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا اپوزیشن لیڈر کو ہتک عزت کا نوٹس، ایک ارب روپے کا ہرجانہ طلب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباد اللہ کو ایک ارب روپے کا ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کیا ہے، یہ اقدام اپوزیشن لیڈر کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ علی امین گنڈاپور کوہستان کرپشن اسکینڈل کے مرکزی کردار ہیں۔

عباد اللہ کے اس بیان کے بعد وزیر اعلیٰ کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی سیاسی و ذاتی ساکھ کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

latest urdu news

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں خیبرپختونخوا میں ملکی تاریخ کے ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل کا انکشاف ہوا تھا جس میں سرکاری بینک اکاؤنٹس سے 40 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خردبرد کا معاملہ سامنے آیا۔ اس مالیاتی بے ضابطگی کو پاکستان کے بدعنوانی کے سب سے بڑے اسکینڈلز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اس کیس میں اب تک تقریباً 50 بینک اکاؤنٹس کو منجمد کیا جا چکا ہے جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ضلع کے سرکاری اکاؤنٹس سے تقریباً ایک ہزار جعلی چیک جاری کیے گئے۔ ساتھ ہی 50 سے زائد مشکوک اکاؤنٹ ہولڈرز کی نشاندہی ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق متعدد اعلیٰ سرکاری افسران اور بااثر سیاسی شخصیات کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں، جس کے بعد معاملے کو نہایت حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کوہستان کرپشن اسکینڈل کا معاملہ پہلی بار اپریل 2025 میں منظر عام پر آیا تھا، جب بعض ذرائع نے بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ حکام نے اس پر فوری انکوائری کا آغاز کیا، اور درجنوں اکاؤنٹس کی چھان بین شروع کی گئی۔ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ شفاف تحقیقات یقینی بنائی جائیں جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ سیاسی مفادات کی خاطر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter