لاہور، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینا شروع کردیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے” ایکس“ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کا بل شیئر کیا ہے۔
اپنے پیغام میں عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ پنجاب کے لوگوں کے لئے خوشخبری آگئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ثابت کر دیا ”جہاں چاہ وہاں راہ “
عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے عوام سے جو وعدہ کیا وہ آج پورا کر دیا، میری وزیراعلیٰ عوام کو جہاں تک ہوسکا ریلیف دے سکے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مخالفین الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، لیکن وزیراعلیٰ خدمت کی سیاست کو ترجیح دے رہی ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی گئی گڈ گورننس کمیٹی کے ممبر قاضی انور ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ٹارچر کیا جا رہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہوئی ملاقات کے متعلق قاضی انور کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات ہوئی، اسلام آباد جلسے کو سابق وزیراعظم کی جانب سے منسوخ کیا گیا مگر ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ جلسہ کسی کے کہنے پر ملتوی کیا گیا ہے۔
ممبر گڈ گورننس کمیٹی کا یہ کہنا تھا کہ جلسہ منسوخی کا عمران خان سے سوال کیا گیا تو جیل انتظامیہ کی جانب سے سیاسی سوالات کرنے سے روک دیا گیا۔