جمعہ, 25 اپریل , 2025

وزیراعظم کی معدنیات کے شعبے میں 60 ممالک کو سرمایہ کاری کی پیشکش

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے معدنیات کے شعبے میں 60 ممالک کو سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں منعقدہ ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، کان کنی اور معدنیات کے میدان میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا یہ نہایت موزوں وقت ہے۔

latest urdu news

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے،ہمارے چین، افریقہ، یورپ اور امریکا سمیت مختلف ممالک کے ساتھ خوشگوار اور کاروباری تعلقات ہیں۔ پاکستان میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ بھی ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے۔

شہباز شریف پاکستان نے نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین، افریقا، یورپ، امریکا اور دیگر ملکوں کے نمائندوں کی موجودگی خوش آئند ہے، انہوں نے وزیر تجارت اور متعلقہ محکموں کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ، زراعت اور معدنیات میں وسیع امکانات ہیں، نوجوان جدید تربیت حاصل کر کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کارکردگی قابل تعریف ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔

شہباز شریف نے نمائش میں موجود زرعی مشینری، قیمتی پتھروں، ادویات اور دیگر شعبوں سے متعلق اسٹالز کو سراہا اور کہا کہ ہمیں تحقیق، اختراع اور ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter