نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چینی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے حوالےسے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں چین کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے مخصوص ”چائنیز اکنامک زونز“ کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کی کامیابی کو پاکستان کامیابی سمجھتے ہیں۔ پاکستان غربت میں کمی کیلئے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی پاک چین تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چین سی پیک کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کرے گا۔
چینی سفیر کی جانب پنجاب حکومت کے کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم جیسے اقدامات کو سراہا گیا ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دگنا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جو کہ مریم نواز نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔