پنجاب حکومت ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے متحرک ہو گئی ہےاور اب موٹر گاڑیوں کے ساتھ موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سموگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے صوبائی سطح پر موٹر وہیکل آرڈیننس میں تسلسل کے ساتھ ترامیم کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیمی ایکٹ 2025 کے نام سے بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جو 1965 کے آرڈیننس میں ضروری ترامیم پر مشتمل ہو گا۔
یہ بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو 2 ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ بل کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ آرڈیننس کی شق 38-اے میں "گاڑی” کے ساتھ "موٹر سائیکل” کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ موٹر سائیکلوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا جا سکے، جس کی مدت ایک سال ہو گی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ اس وقت صرف گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہے، حالانکہ پنجاب میں 85 فیصد شہری سواری کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں۔
فٹنس چیک کی اس اسکیم کو موٹر سائیکلوں تک وسعت دینے سے نہ صرف شہریوں کی حفاظت یقینی بنے گی بلکہ فضائی آلودگی اور سموگ جیسے ماحولیاتی مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔