وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کی نیت پر شک نہ کریں، ہم ان کو قائل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی سیاسی پوزیشن کا دفاع کرنا ہے، سیاست کا حسن ہے کہ امید کا دامن نہیں چھوڑا جاتا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کا الیکشن کمیشن کو لکھا گیا خط آئین اور قانون کے مطابق ہے، اگر قانون کی غلط تشریح کی گئی ہے تو وقت اُس کا فیصلہ کرے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قانون کی تشریح کرنا ہمارا حق ہے۔
واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجوزہ آئینی ترامیم کا جو مسودہ انہیں ملا اس میں بدنیتی نظر آئی، وہ مخالفین کی گردن زنی کیلئے عدالتی ڈھانچہ تشکیل دینا چاہتے تھے۔
مولانا فضل الرحمان کا یہ کہنا تھا کہ اصل بات یہ ہے کہ اس موقع پر ایسا کرتب دکھانے کے پیچھے نیت کیا تھی؟
سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگوں کی جوڑ توڑ اور سوداگری سے غلط کام کرنے پر بضد رہے تو جے یو آئی ان کے راستہ روکے گی۔